بھٹکل 30 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل میں گھروں کا ٹیکس بھرنے کے لئے لوگوں کو پہلے میونسپالٹی پہنچنا پڑتا تھا، پھر ایک فارم فل کرکے بینک جاکر رقم جمع کرانا پڑتا تھا، رقم جمع کرنے کے بعد بینک کی رسید لے کر پھر واپس میونسپالٹی پہنچ کر ٹیکس بُک میں ٹیکس کی بھرپائی کا اندراج کرانا پڑتا تھا، مگر اب بھٹکل کے عوام کے لئے خوش خبری یہ ہے اب میونسپل حکام اور روینو آفسر س خود گھر گھر جائیں گے اور ٹیکس وصول کرکے اُسی وقت ٹیکس کی ادائیگی کی رسید فراہم کریں گے۔
معلومات فراہم کرتے ہوئے میونسپل صدر جناب پرویز قاسمجی نے بتایا کہ ہم نے ٹیکس جمع کرانے روینو آفسران کو ہی گھر گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے عوام کو میونسپالٹی اور بینک کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، مگر عوام کے لئے ضروری ہے کہ وہ پرانی ٹیکس بھری ہوئی رسید کو آفسران کے سامنے پیش کریں، تاکہ وہ اپنے سسٹم میں صحیح اندراج کرسکیں، اسی طرح ٹیکس کی بھرپائی بینک کے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے کرنی ہوگی یا پھر phonepay یا googlepay کے ذریعے بھی رقم کی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تقریبا تمام گھروں میں لوگ کچھ نہیں تو اے ٹی ایم کارڈ رکھتے ہی ہیں، آفسران بینک کارڈ کو اپنی مشین میں سویپ کریں گے اور متعلقہ رقم کی بھرپائی کی رسید اُسی وقت ہاتھ میں تھمادیں گے۔ جناب پرویز قاسمجی نے اس تعلق سے عوام الناس سے تعاون کی درخواست کی ہے۔